اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیربحری امور و صدر پاکستان تحریک انصاف سندھ علی زیدی نے کہا ہے کہ آزاد قوم کیطرح سر اٹھا کر جینا ہے یا غلامی کی زنجیروں کے بوجھ تلے رینگنا ہے؟ علی حیدر زیدی نے قوم سے تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہونے کی امیدظاہر کی ہے ،انہوںنے کہا ہے کہ جب سے عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے، بیرونی قوتیں ناخوش ہیں،عزتِ نفس کے تحفظ اور ملک کو غیرملکی قوتوں کے روبرو سرنگوں نہ کرنے پر آمادہ آزاد و خود مختار پاکستان ان قوتوں کو قبول نہیں،عالمی فتنہ انگیز وزیراعظم کی شکل میں بیرونی مداخلت کے سامنے سیسہ پلائی اس دیوار کو منہدم کرنے کی سازشیں رچا رہے ہیں،ناپاک سازش سے پاکستان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے میں بیرونی ہاتھ کی شمولیت ہماری قومی سلامتی، خودمختاری اور جمہوریت پر حملہ ہے،قومی خودمختاری کے عوض اپنا سیاہ دھن بچانے کی خواہاں حزب اختلاف اس ناپاک منصوبے کو کندھا فراہم کررہی ہے،قوم بیرونی فتنہ گروں کے ہاتھوں ملک بیچنے والوں اور انکے سہولت کاروں کے چہرے یاد رکھے گی۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم وہ تنہا مردِ مجاہد ہیں جنہوں نے بیک وقت بیرونی فتنہ گروں اور انکے مقامی مہروں کو للکارا ہے،بدقسمتی سے ہمارا کرپٹ سٹیٹس کو ملک کو بیرونی آقاؤں کی کالونی بنانے کی بجائے آزاد اور خوشحال مملکت بنانے والی ایک بااعتماد اور آزاد منش شخصیت گورا کرنے کو تیار نہیں،ناپاک منصوبے کے تحت بیرونی اشاروں پر ڈاکوؤں کی مدد سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ شرمناک ہے،ڈالروں کی چمک میں آج حکومت گرائیں گے تو مستقبل میں یہ شرمناک سلسلہ کیسے روکیں گے،کیا ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آئندہ نسلیں بھی ان بیرونی شرانگیزوں اور موروثی سیاست کی غلامی میں جکڑی رہیں،ایک مہذب قوم اس شرمناک روایت کی اجازت نہیں دے سکتی، وقت آن پہنچا ہے کہ پوری قوم اس بدمعاشی کیخلاف اٹھ کھڑی ہو۔انہوںنے کہا ہے کہ حق کا ساتھ دیں اور تاریخ کو تباہی کے رخ پر مڑنے سے روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔
وزیراعظم تنہا مردِ مجاہد، بیک وقت بیرونی فتنہ گروں اور انکے مقامی مہروں کو للکارا ہے، علی زیدی








