اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی! میرا منہ نہ کھلواؤ، آج پھر پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائی گئیں اور ڈپٹی اسپیکر بھاگ گئے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبا زشریف نے کہا کہ آج ایوان میں تحریک عدم اعتماد پر بحث ہونا تھی، اپوزیشن نے آج ووٹنگ کے لیے سپیکر کو درخواست بھی دی تھی، سوالات کرنے والے تمام ارکان نے ووٹنگ کا مطالبہ کیا، ڈپٹی سپیکر نے جب دیکھا کہ کوئی ممبر سوال کرنے پر تیار نہیں تو وہ بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ میں اور بلاول سپیکر ڈائس پر بھی گئے،سیکریٹری سے پوچھا یہ آپ نے کیا کیا؟ تو انہوں نے جواب دیا جو کچھ کیا سپیکر نے کیا، آج بھی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ آج کوئی غیر پارلیمانی بات نہیں کریں گے۔شہبازشریف نے کہا کہ 8 مارچ سے یہ دن آگیا ہے، سب نے دیکھا کس طرح قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں،عدلیہ بھی دیکھ رہی ہے، پورا ملک پریشان ہے، عدم اعتماد کو کامیاب کرنے کیلئے جو نمبرز درکار ہے وہ آج ہمارے پاس تھے، متحدہ اپوزیشن کے آج 172 ارکان ایوان میں موجود تھے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس اس کے بعد کیا جواز رہ جاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں، عمران نیازی! میرا منہ نہ کھلواؤ، ہم اس لیول پر نہیں جانا چاہتے، فارن فنڈنگ قانون کے تحت کسی بھی غیر ملکی سے فنڈز نہیں لیے جا سکتے، عمران خان کے نیچے جتنی کرپشن ہورہی ہے وہ پوری قوم جانتی ہے، الزام لگانا بہت آسان اور ثابت کرنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ تمہارے فارن فنڈنگ کیس میں ڈونرز ہندوستانی بھی ہیں اور اسرائیلی بھی، آپ نے فنڈز لیے اور اسٹیٹ بینک سمیت باقی اداروں سے بھی چھپایا، بدزبانی آپ کا تکیہ کلام ہے، ہم اس کا جواب نہیں دیں گے، آپ امر بالمعروف اورریاست مدینہ کی بات کر کے اربوں کھربوں کی کرپشن کرتے ہیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کے سامنے آج متحدہ اپوزیشن کامیاب ہو چکی ہے، ہم نے کہا تھا جو بھی خط ہے، آئیں اور پارلیمنٹ میں خط دکھائیں مگر آج بھی خط نہیں لایا گیا، یہ خط اس شخص کے یوٹرن کی طرح جھوٹا اور فراڈ ہے، اس طرح کے میموز آتے رہتے ہیں۔حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ غریب کی جیب کاٹ لی گئی، اسے تعلیم ملی نہ بچوں کا دودھ ملا، آج پوری قوم کے سامنے متحدہ اپوزیشن کامیاب ہو چکی ہم جیت گئے۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیراعظم آج شکست کھا چکا ہے، آج وہ اس ملک کا وزیراعظم نہیں ہے، عدم اعتماد کی تحریک کو آگے لے کر جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان آج اپوزیشن بینچز پر بیٹھے تھے۔
عمران نیازی! میرا منہ نہ کھلواؤ، پی ٹی آئی کا وزیراعظم آج شکست کھا چکا، شہباز شریف








