کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، نیوزی لینڈ نے بغیرکسی نقصان کے 165رنزبنالئے۔
نیوزی لینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے 273 رنز درکار ہیں، کیوی اوپنرز ڈیون کانوے 82 اور ٹام لیتھم 78 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم 438 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ٹم ساؤتھی 3، اعجاز پٹیل، بریسویل اور اش سودھی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 438 نز بنائے ہیں جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
کھیل کے دوسرے دن پاکستان نے 5 وکٹوں پر 317 سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز کھیل رہے تھے۔
دوسرے دن پاکستان کے مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔
318 رنز پر پاکستان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور کریز پر آگا سلمان کا ساتھ دینے نعمان علی آئے۔
آغا سلمان نے نعمان علی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اسکور کو مزید بڑھایا، دونوں بلے بازوں نے 54 رنز کی شراکت قائم کی، اسی دوران آغا سلمان نے ٹیسٹ کیرئیر کی چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔
372 رنز پر پاکستان کو ساتواں نقصان نعمان علی کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ انہوں نے 7 رنز بنائے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 375 رنز پر گری، محمد وسیم جونیئر صرف2 رنز ہی بناسکے۔
قومی ٹیم کی نویں وکٹ 414 رنز پر گری۔ میر حمزہ صرف ایک ہی رن بناسکے۔
اسی دوران آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بھی اسکور کی۔
438 رنز پرپاکستان کی آخری وکٹ گر گئی، آغا سلمان 103 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
گزشتہ روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پاکستان کے 3 کھلاڑی صرف 48 رنز پرہی پویلین لوٹ گئے تھے۔
110 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری تو ایسا لگنے لگا کہ پاکستان کا حشر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیسا ہی ہوگا۔
اس وقت سرفراز اور بابر اعظم نے 196 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز قومی ٹیم 438 پر ڈھیر، نیوزی لینڈ نے 165 رنز بنا لیے








