بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

زرِ مبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ،نااہلی، نالائقی و اقتدار سے چمٹے رہنے کی ضد قوم کیلئے وجہ وبال بن گئی، شوکت ترین

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نااہلی، نالائقی اور اقتدار سے چمٹے رہنے کی ضد قوم کیلئے وجہ وبال بنتی جارہی ہے۔اپنے ایک بیان میں شوکت ترین نے کہاکہ زرِ مبادلہ کے ذخائر کی 2014 کے بعد سے نچلی ترین سطح پر گراوٹ امپورٹڈ سرکار کی مجرمانہ ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ رجیم چینج کے سہولتکاروں کو بروقت اس معاشی تباہی سے آگاہ کیا جائے تھا، نہایت مشکلات کے باوجود معیشت کو بہترین طریقے سے سنبھالنے والی حکومت کو نکال کر کرپٹ اور نااہل گروہ کو کھیلنے کیلئے معیشت دی گئی۔ شوکت ترین نے کہاکہ این آر او ٹو کے چکر میں اپنے پاؤں پر کھڑی معیشت کو دیوالیہ پن کی دہلیز پر گِرایا جاچکا ہے ،آٹے سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تکلیف دہ اضافہ نئی حدوں تک پہنچنے کا اندیشہ ہے، صنعتیں مسلسل دم توڑ رہی ہیں اور بیروزگاری کا طوفان دستک دے رہا ہے۔ شوکت ترین نے کہاکہ نااہل، نکمے اور کرپٹ گروہ کی سرپرستی کے چکر میں ملکی سلامتی و خودمختاری کو ناقابلِ تصور خطرات سے دوچار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک و قوم سے جاری شرمناک کھیل فوری ترک کرکے سیاسی استحکام کے حصول کی تدبیر کی جائے۔ شوکت ترین نے کہاکہ امپورٹڈ ٹولے کو ہٹا کر تازہ مینڈیٹ کے حصول کیلئے فوراً عوام سے رجوع کیا جائے، رجیم چینج کے موقع پر کی گئی تنبیہ کی طرح اب بھی معیشت سے بےاعتنائی برتی گئی تو قیمت 8 ماہ میں ہونے والے نقصان سے کہیں بڑھ کر ہوگی۔