ملک بھر میں قدرتی گیس بحران کے شدت اختیار کرنے کے بعد جہاں شہری گیس کے لیے سلینڈر پکڑے گھومتے نظر آتے ہیں وہیں خیرپختونخوا میں گیس کے حصول کے لیے ایک انتہائی خطرناک طریقہ سامنا آیا ہے جسے چلتے پھرتے بم کا نام دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر خیبرپختونخوا کے علاقے کرک کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں شہریوں کو غیر قانونی اور انتہائی خطرناک طریقے سے پلاسٹک کے بیگ میں گیس بھرکر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ 2 گز لمبا مستطیل سا دکھنے والا بیگ گیس اسٹوریج کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، اس بیگ کے منہ پر نوزل اور ہینڈل گیس لگا ہوتا ہے جو کہ گھریلو صارفین استعمال کررہے ہیں۔
اس ویڈیو پر بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایک خاتون نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا تعلق بھی کرک سے ہے، ہم جانتے ہیں کہ یہ کسی خطرے سے کم نہیں لیکن ہم کیا کریں کیوں کہ کرک میں گیس ہے نہ بجلی۔
ایک صارف نے ویڈیو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں حق نہیں ملتا وہاں ایسے واقعے رونما ہوتے ہیں۔









