بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش،مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباو بڑھانے کا اعلان

 اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر پاکستان شاخ نے برطانیہ سے آئے ہوئے ممبران پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کی ، حریت کانفرنس کے وفد کی سربراہی اس کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے کی ،حریت کے وفد میں سینئر رہنماء الطاف حسین وانی ، رفیق ڈار ، شیخ محمد یعقوب اور ایڈووکیٹ پرویز احمد شامل تھے جبکہ برطانوی وفد کی سربراہی برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر بارے کل جماعتی پارلیمان گروپ کے سیکریٹری لارڈ قربان حسین کررہے تھے اور اس کے وفد کے اراکین میں برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر کل جماعتی پارلیمانی گروپ (اے پی پی جی ) کے وائس چیرمین ممبر پارلیمنٹ برطانیہ کے شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین ، کنوینئر لیبر فرینڈز آف کشمیر لارڈ واجد خان، چیرمین جے کے ایس ڈی ایم آئی اور ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹرراجہ نجابت حسین اور چیرپرسن جے کے ایس ڈی ایم آئی یو کے یاسمین ڈار شامل تھے۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں و کشمیرکی تازہ ترین صورتحال خاص کر بھارت کی جانب سے پانچ اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے باعث پیدہ شدہ سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ مودی سرکار نے ریاست میں کشمیریوں پر ظلم وتشدد کا بازار گرم کررکھا ہے ، کشمیر ی مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرانے کے لئے کئی نام نہاد قوانین نافذ کردئیے ہیں کشمیریوں کو قتل کرنے کے علاوہ انہیں اپنی جائیداد سے بے دخل کیا جارہا ہے اس وقت صورتحال اس حد تک تشویشناک ہے کہ اب ظالم قابض انتظامیہ نے اسرائیل کی فلسطین طرز کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر کشمیری مسلمانوں کے گھروں کومنہدم کرنا شروع کردیا ہے ،حریت قائدین نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی ثقافت اور شناخت پر حملہ آور ہے اور اگر اس موقع پر عالمی برادری نے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو کشمیریوں کا وجودخطرے میں پڑ جائے گا اور صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے ، حریت قائدین نے برطانوی ممبران پارلیمنٹ پر زوردیاکہ وہ کشمیریوں کا آواز پارلیمنٹ میں اجاگر کرتے ہوئے ان کی مدد کے لئے آگے بڑھیں برطانیہ کا مسئلہ کشمیر میں اہم کردار رہا ہے اور اس پر فرض ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی زمہ داریاں پوری کریں، اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرانے کے لئے بھارت کے خلاف اقدامات اٹھائے، حریت قائدین نے برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کی جانی والی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی وہ اس حوالے سے اپنا کردار جاری رکھیں گے ،اس موقع پر برطانوی وفد نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ اپنا کردار جاری رکھے گا اور بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہرسطح پر دباو ڈالا جائے جبکہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے برطانوی پارلیمنٹ میں وہ اپنی آواز بلند کریں گے اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمائت جاری رکھیں گے۔