وزیرِ مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی خریداری معاہدے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ روس خام تیل میں ہمیں دنیا کے برابر یا اس سے بھی زیادہ رعایت دے گا ۔روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِ مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا پاک روس سستے تیل خریداری معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روس سے سستے تیل کی خریداری معاہدے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ وفد اسی وقت آتے جب تیاریاں مکمل ہوں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس خام تیل میں دنیا کے برابر یا اس بھی زیادہ ڈسکائونٹ دے گا۔ روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے ۔ روس کاسینئر ترین وفد پاکستان آرہا ہے۔ ہم پوری کوشش کرینگے ملکی مفاد میں معاملہ طے ہوجائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفائنریز سے بات کرنے کے بعد روس کے سامنے اپنی طلب رکھی ہے۔ روس کے ساتھ تمام گفتگو کر کے آئے ہیں۔ معاہدے کی تیاری مکمل ہے ، قبل از وقت غیر ذمہ دار بات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز پالیسی میں ڈیمانڈ ڈیوٹی کو سرمایہ کاری سے لنک کر رہے ہیں ۔ ریفائنریز کو جو ڈیوٹی کی مد میں بچت ہوگی انوسٹ کرینگے ۔ حکومت اس کا باقاعدہ آڈٹ کرے گی۔ ہماری ریفائنریز بلیک آئل تیار کرتی ہیں جس کہیں مارکیٹ ہی نہیں ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ اسی وجہ سے ریفائنریز کو نقصان ہورہا ہے۔ ہماری ریفائنریز تیس فیصد سے زائد فرنس آئل بنا رہی ہیں ۔ جب ریفائنریز کو اپ گریڈ کرینگے تو پیٹرول اورڈیزل زیادہ بنائینگی۔
روس سے سستے تیل کی خریداری کے معاہدے کی تیاریاں مکمل








