پیرو میں سابق صدر کے حامیوں اور پولیس میں جھڑپوں کے دوران ایک روز میں 17 افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
ہیومن رائٹس کے اعدادو شمار کے مطابق جنوبی علاقوں میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایک روز میں 17 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 68 زخمی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ اب تک ہنگاموں میں مرنے والوں کی تعداد 40 سے بڑھ گئی ہے۔
خیال رہے کہ جلد انتخابات اور سابق صدر پیڈرو کاسٹیو کی رہائی کا مطالبہ لیے سیکڑوں افراد گزشتہ برس دسمبر سے سراپا احتجاج ہیں۔
سابق صدر پیڈرو کاسٹیو کاسٹیلو نے دسمبر میں پارلیمان کو تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
قوم کے نام خطاب میں انہوں نے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک ہنگامی حکومت تشکیل دینے والے ہیں جو فرمان کے ذریعہ حکومت کرے گی۔
کاسٹیلو کے ٹیلی ویژن خطاب کے بعد پیرو کی پارلیمان نے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا۔ قانون سازوں نے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ نائب صدر دینا بولوارٹ کو 6 کے مقابلے 101 ووٹ حاصل ہوئے۔









