بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغانستان سے سیریز کا خاتمہ: آسٹریلوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے نے افغانستان کے خلاف سیریز سے دستبرداری کے معاملے پر بیان جاری کردیا۔

نک ہوکلے نے کہا کہ یہ بڑی چیلنجنگ اور افسوسناک صورتحال ہے، ہم نے دستبرداری کے فیصلے کو ہلکا نہیں لیا اس پر حکومت سے تفصیلی مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیریز کھیلنے کے لیے پر امید تھے اور افغان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں تھے لیکن طالبان کے نومبر اور دسمبر کے فیصلوں نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق میں فرق ڈالنے کے اشارے دیے جب کہ بنیادی انسانی حقوق سیاست نہیں ہے، بنیادی انسانی حقوق میں فرق کی وجہ سے ہمیں دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیوں کو جواز بناتے ہوئے آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف ون ڈےکرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کی مذمت کی تھی اور افغان کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ نے کا اعلان کیا جب کہ کرکٹر راشد خان نے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔