گوجر خان(ممتازنیوز)گوجر خان سے نوید چوہان نے اپنی برادری کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
ہفتہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے حلقے گوجر خان میں ڈھوک چوہان کا دورہ کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈھوک چوہان میں نوید چوہان کی رہائش گاہ پر منعقدہ شمولیت پروگرام میں شرکت کی۔
ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ و ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی گوجر خان نوید چوہان نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا استقبال کیا۔اس موقع پر نوید چوہان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی برادری کے ہمراہ ایک بڑے قافلے کی صورت میں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے راجہ نوید چوہان کو شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا اور انکا شکریہ ادا کیا،راجہ جاوید اشرف اور خرم پرویز راجہ بھی اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں، مزدور اور محنت کش طبقے کی جماعت ہے۔اس جماعت نے ہمیشہ اپنے ورکرز، ووٹرز اور سپوٹرز کو عزت بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے والا ہر شخص اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ پارٹی اپنے ورکرز، ووٹرز اور سپورٹرز کو کتنی ہمیت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی زندہ مثال میری صورت میں عوام الناس کے سامنے موجود ہے۔انہوں نے نوید چوہان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوید چوہان اور ان کی برادری کے دیگر افراد نے درست فیصلہ کیا ہے جس سے آنے والے وقت میں ان کو اپنی برادری کے مسائل کو حل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا تھا۔انہوں کہا کہ ملک کو معاشی استحکام دلانے کے لیے حکومت نے مشکل فیصلے کیے۔انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں کامیاب ہو گی ۔
سابق ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ و ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی گوجر خان نوید چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے بطور وزیر اعظم گوجر خان کی عوام کی بھرپور نمائندگی کی ہے اور گوجر خان کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے فقید المثال منصوبے لگائے ہیں۔انہوں نے کہ راجہ پرویز اشرف کو ایک بار پھر بطور اسپیکر قومی اسمبلی عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں گوجر خان اور اس سے ملحقہ علاقے کے عوام کے مسائل حل ہونگے اور علاقہ ترقی اور خوشحالی کے منازل طے کرے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنی برادری کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کو اجاگر کرنے اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اسپیکرز قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔










