لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق نے مونس الہٰی، حسین الہٰی اور کامل علی آغاز کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کردیے۔
نوٹسز ق لیگ کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی، حسین الہٰی اور کامل آغا کسی جماعت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، یہ نشستیں اور عہدے آپ کے پاس مسلم لیگ ق کی امانت ہیں، آپ کا یہ اقدام غیر آئینی ہوگا، آپ کسی اور جماعت میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو اسمبلی اور سینیٹ سے مستعفی ہوں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مستعفی نہیں ہوں گے تو ڈی سیٹ کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔
نوٹس میں تینوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلئے 7 روز کا وقت دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت کی جانب سے چوہدری پرویز الہیٰ کو بھی شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ان کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا تھا میں نے پرویز الٰہی کو تجویز دی ہے کہ ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیں جبکہ اس حوالے سے گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا ہم نے اس معاملے پر اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے اس میں فیصلہ کریں گے۔









