ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی معروف اداکارہ راکھی ساونت کے شوہر عادل درانی نے اداکارہ سے شادی کی تصدیق کر لی ،جس پر اداکارہ کا کہنا ہے کہ “عادل نے سلمان خان کے کہنے پر شادی کا اعلان کیا ہے اور وہ سلمان بھائی کی مشکور ہیں “۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کر کے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا جبکہ انکے دوسرے شوہر عادل خان اس شادی کی تردید کر رہے تھے انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ “سب ویڈیوز جعلی ہیں”۔ تاہم اب پیر کی صبح عادل نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے راکھی کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کا اعتراف کیا ہے۔ جس کے کیپشن میں عادل نے راکھی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ “تو بلآخر یہ رہا اعلان ۔ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں نے تم سے شادی نہیں کی ۔ بس کچھ چیزیں ایسی تھیں جنہیں سنبھالنے کے لیے مجھے خاموش رہنا پڑا ۔ ہمارے لیے شادی شدہ زندگی خوشگوار ہو “۔
عادل کی اس پوسٹ پر راکھی نے بھی تبصرہ کیا اور دل والی ایموجی کے ساتھ لکھا” شکریہ جان ڈھیر سارا پیار “۔
جس کے بعد اداکارہ راکھی ساونت اور عادل نے میڈیا سے بات کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اور ان کے شوہر عادل کو سلمان خان کے بارے میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ” ان کا گھر سلمان خان کی وجہ سے بسا ہے،سلمان خان عادل سے ملے ہیں اور ان سے بہت پیار بھی کرتے ہیں انہوں نے عادل کو فون کیا جس کے بعد ہی عادل نے شادی کا اعلان کیا ہے”۔راکھی ساونت نے مزید کہا کہ “بھائی کے ہوتے ہوئے یہ کیسے منع کر سکتے ہیں کہ بہن کی شادی کا؟ بھائی کا فون آئے گا، تب ہی تو کچھ ہو سکتا ہے”۔میڈیا کی جانب سے سلمان خان کے فون کے بارے میں پوچھے گئے سوال کہ جواب میں راکھی کے شوہرعادل کا کہنا تھا کہ”وہ بہت اچھے ہیں، بہت عاجز ہیں، انہوں نے مجھ سے کچھ باتیں پوچھیں تو میں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے”۔جس پر فوری راکھی ساونت نے سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “میرے بھائی سلمان نے میرا گھر بسا دیا”۔
یاد رہے کہ راکھی ساونت نے انکشاف کیا ہے کہ” انہوں نے گزشتہ سال ہی عادل خان سے شادی کرلی تھی تاہم ان کی جانب سے شادی کا اعلان 12 جنوری کو کیا گیا ہے”۔راکھی کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھیں تاہم ان کے شوہر عادل خان نے باقاعدہ طور پر شادی کا اعتراف نہیں کیا تھا جس پر راکھی پریشان تھیں۔راکھی اور عادل کی حالیہ میڈیا گفتگو سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ “سلمان خان نے عادل کو شادی کا اعلان کرنے پر راضی کیا ہے جس کے بعد عادل نے سوشل میڈیا پر راکھی سے شادی کا اعتراف کیا”۔
واضح رہے کہ راکھی ساونت نے عادل خان سے شادی کرنے کیلئے کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کیا ہے جبکہ اپنا نام بھی تبدیل کر کے فاطمہ رکھ لیا ہے۔









