بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک انتخابات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا، عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت حماقت ہوگی ،عمران خان

لاہور(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان نے کہاہے کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طورپر متحمل نہیں ہوسکتا، عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت نری حماقت ہوگی، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کرکے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلاتاخیر حق دیا جائے۔وہ  نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کی ملاقات کےد وران اظہار خیال کررہے تھے ۔اس موقع پرپارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر چودھری فواد حسین بھی موجودتھے ۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید چیمہ اور نصیر خان کے ناموں پر تفصیلی غور کیاگیا۔چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حتمی مشاورت کے بعد دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ نہایت حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت ہی اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت نری حماقت ہوگی۔