فیصل آباد(معظم رندھاوا) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹیاں ریسرچ کی آماجگاہ اور موجودہ اور آنے والے مسائل کے حل تلاش کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہیں۔وہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔کانووکیشن میں پی ایچ ڈی،ایم فل،ایم اے،ایم ایس سی اور بی ایس کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔تعلیمی میدان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پر80طالبات کو گولڈ میڈل،81 طالبات کو سلور میڈل اور طالبات کو کانسی میڈل سے نوزا گیا ۔انہوں نے طالبات کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہ بات قابل فخر ہے کہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی نے حالیہ رینکنگ میں قومی اور عالمی سطع پر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں صبر تحمل اور لیڈر شپ کی صلاحیت پیدا کریں۔انہوں نے کہاکہ طالبات تعلیم پر فوکس کریں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں کامیابی ان کے قدم چومے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے اس موقع پر گورنر پنجاب کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی گزشتہ برسوں میں حاصل کردہ کامیابیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں جدید تحقیق و تدریس کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس ضمن میں اساتذہ،طلباء ریشو کو کم سے کم سطح پر لانے کے لئے ریکارڈ سلیکشن بورڈ کرائے گئے ہیں جس کے ذریعے پروفیسرز اور دیگر سٹاف کی میرٹ پر تعیناتیاں کی گئی ہیں یونیورسٹی ملازمین کی فلاح و بہبود پر توجہ دی گئی ہے۔ کانووکیشن میں سینڈیکیٹ ممبران، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، والدین اور ڈگری ہولڈرز نے شرکت کی۔










