اسلام آباد(ممتاز نیوز)غیرنصابی سرگرمیاں طلبہ و طالبات کی ذہنی نشوونما کو پروان چڑھانے کا اہم ذریعہ ہیں،وفاقی نظامت تعلیمات طلبہ و طالبات کی بالیدگی کا خاص اہتمام کرتا ہے اسی لئے گزشتہ روز اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں بین الکلیاتی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ سائنس کوئز اور پوسٹر میکنگ مقابلوں میں وفاقی دارالحکومت کے تمام کالجز نے حصہ لیا، مقابلوں کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید اقبال، نسٹ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر صوفیہ جاوید، کامسیٹس یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم حیدر اور نمل کی پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ قیوم نے کوئز مقابلوں کے لئے ججز کے فرائض سرانجام دیئے۔ جب کہ پوسٹر میکنگ مقابلوں میں وحید الرحمان، ماریہ برہان اور پروا کریم نے ججز کے فرائض انجام دیئے۔ مجموعی طور پر 14 ٹیموں نے مقابلوں میں حصہ لیا۔ کوئز مقابلوں میں پہلی پوزیشن آئی ایم سی جی ایف سیون فور نے حاصل کی، آئی ایم سی جی آئی ایٹ تھری نے دوسری جبکہ آئی ایم سی جی کورنگ ٹائون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوسٹر مقابلوں میں کورنگ ٹائون پہلے نمبر پر رہا جبکہ آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو نے دوسری اور تیسری پوزیشن آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو (پوسٹ گریجوایٹ) نے حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر ججز صاحبان نے جیتنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر میزبان کالج کی پرنسپل سعدیہ عزیز نے کہا کہ فائن آرٹس اور سائنس میں گہرا ربط ہے، فائن آرٹس بچوں کے تخیل اور تصور میں رنگ بھرتا ہے جب کہ سائنس اس تصور کو حقیقت کا روپ دیتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں بین الکلیاتی مقابلوں کا انعقاد








