بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چوہدری شجاعت نے مونس الٰہی کو پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا،ذمہ داری طارق بشیر چیمہ کو سونپ دی

اسلام آباد (وقائع نگار )قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کا پارلیمانی لیڈر مونس الٰہی کی بجائے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے چوہدری شجاعت حسین کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے ۔ قومی اسمبلی کے ایڈیشن سیکرٹری محمد مشتاق کے دستخطوں سے جاری کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی استدعا پر قومی اسمبلی میں مونس الٰہی کی جگہ اب طارق بشیر چیمہ کو مسلم لیگ (ق) کا نیا پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے قومی اسمبلی میں پانچ ارکان ہیں ، تین ارکان طارق بشیر چیمہ ، چوہدری سالک حسین اور مسز فرح خان وزیراعظم شہبازشریف کے حامی ہیں جبکہ پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی اور چوہدری وجاہت حسین کا صاحبزادہ حسین الہٰی تحریک انصاف کے اتحادی ہیں ۔طارق بشیر چیمہ کے پارلیمانی لیڈر بننے کے بعد اس بات کا خدشہ ہے کہ اگر طارق بشیر چیمہ وزیراعظم شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے پر مونس الٰہی اور حسین الٰہی کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے محروم کرنے کے لئے سپیکر اور الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجوا سکتے ہیں اور اب انہیں قانونی طور پر اس کا اختیار حاصل ہو گیا ہے ۔