اسلام آباد:وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کردیا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس دوران 25 اشیائے ضروریہ مہنگی، 6 کے نرخوں میں کمی اور 20 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ایل پی جی سلنڈر 145 روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد اس کی اوسط قیمت 2888 روپے رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 31 روپے مہنگا ہوا، اور اس کے اوسط نرخ 1735 ریکارڈ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں آٹا سب سے زیادہ مہنگا رہا، اور یہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2820 روپے تک فروخت ہوتا رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے آلو کے نرخوں میں دو روپے کمی ہوئی اور اس کی اوسط قیمت 41 روپے رہی، چینی 78 پیسے فی کلو سستی ہوکر اوسط نرخ 91.21 روپے میں فروخت ہوتی رہی، جب کہ اس دوران ٹماٹر، برائلر چکن، گڑ، چینی، پاؤڈر دودھ اور گھی کے نرخوں میں بھی کمی ہوئی۔