ملتان(ممتازنیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے جنوبی پنجاب کے عوام کو ہر حکومت نے دھوکہ دیا،جنوبی پنجاب صوبہ کا وعدہ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور تحریک انصاف نے کیا جو آج تک پورا نہیں ہوا اب یہ وعدہ جماعت اسلامی پورا کرے گی، پی ڈی ایم،پی پی اور ن لیگ نے کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا ، یہ امریکہ کے غلام ہیں اور قوم کو شودر سمجھتے ہیں،آج کاشتکار ، مزدور، اور کارخانہ دار پریشان ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں اندھے حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پیٹرول بم گرایا ہے، انہوں نے معیشت کو تباہ کیا ، کرپٹ ٹرائیکا عوام کا دشمن ہیں۔وہ ملتان میں ورکرکنونشن سے خطاب کررہے تھے۔
کنونشن سے میر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو محمد ظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی ،صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابرنے بھی خطاب کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ ٹرائیکا کی جنگ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کے لیے ہے۔انگریز چلا گیا لیکن اس کے ملازم آج ہم پر مسلط ہیں۔آج ان کی وجہ سے پاکستان کا ہر شہری تین لاکھ سے زائد کا مقروض ہے۔ محنت کش،کاشتکار،مزدور رات کو بھوکا سوتا ہے۔حکمرانوں کا احتساب کرنے والا کوئی نہیں یہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں، ان کے بیمار ان ہسپتالوں میں علاج نہیں کرواتے ،ان کے بچے ان سکولوں میں نہیں پڑھتے جہاں غریب اور سفید پوش کے بچے پڑھتے ہیں۔عوام کے ٹیکس سے حکمرانوں کے کارخانے اور ملیں چلتی ہیں۔یہ بار بار امریکہ جاتے ہیں لیکن ایک بار بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کر سکے۔یہ حکمران ضمیر فروش اور وطن فروش ہیں۔یہ امریکہ اور مغرب کے غلام ہیں انہوں نے امریکہ کے کہنے پر ٹرانسجینڈر بل کو منظور کروایا۔یہ پاکستان کے اثاثے ریلوے،ہوائی اڈے اور موٹر وے بیچنا چاہتے ہیں۔ ان کا بس چلے تو قائد اعظم کا مزار بیچ دیں لیکن ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو سود کا نظام ختم کریں گے،عشر اور زکواتہ کا نظام قائم کریں گے۔ ملک کی بنجر زمین نوجوانوں کو دیں گے جس کو آباد کرنے کے لیے کھاد،بیج اور ٹریکٹر دیں گے۔جب تک نوجوانوں کو روزگار میسر نہیں آئے گا ہم بےروزگاری الاونس دیں گے۔کھیلوں کے میدان آباد کریں گے تاکہ پاکستان کا نوجوان بیماریوں کو شکست دے سکے۔ہر ستر سال کے بزرگ مرد و عورت کو بزرگ الاونس ہم دینگے۔ جماعت اسلامی اس وقت 25000 یتیم بچوں کی کفالت بغیر کسی سرکاری سرپرستی کر رہی ہے۔جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو ہم ان کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔ پی ٹی آئی، ن لیگ یا پی پی احتساب نہیں کرسکتیں ، ان سب کے نام پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں ہیں ، یہ قرضہ معاف کروانے والے ہیں۔مسیح برادری سے بھی وعدہ کرتا ہوں ان کی جان مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہوگی۔ہمارا مقابلہ ملک کو پچھتر سالوں سے لوٹنے والوں کے خلاف ہے۔ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ سے ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک کا پورا نظام کرپٹ اور ظالموں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ حکمرانوں کی وجہ سے وسائل سے مالا مال ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ گیا۔ آج ایک زرعی ملک میں آٹا 160روپے اور پیاز 250روپے فی کلو مل رہا ہے، حکمران پورے ملک کا آٹا، چینی اور گھی کھا گئے، انھوں نے عوام کو لوڈشیڈنگ اور اندھیرے دیے، نوجوانوں کو مایوس اور بے روزگاری کیا، ان کے نام پاناما لیکس، پنڈوراپیپرز اور نیب کی فائلوں میں ہیں، مگر انھیں کوئی ہاتھ نہیں لگاتا۔
ٹرائیکا کی جنگ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کے لیے ،یہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں،سراج الحق








