بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قطر نے طالبان سے مذاکرات کیلئے سفیر کابل بھیج دیا

کابل (ویب ڈیسک) قطر کے وزیر خارجہ کے سفیر نے افغان دارالحکومت کابل کا دورہ کیا اور طالبان انتظامیہ کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔یہ دورہ طالبان انتظامیہ کی جانب سے خواتین کی تعلیم اور فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کے کام پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد ہوا ہے جسے قطر نے گہری تشویش کا باعث قرار دیا تھا۔

رائٹرز کے حوالے سے ڈان نیوز نے لکھا کہ  افغان وزارت خارجہ کے ایک بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی گئی ہے۔  ترجمان افغان امور خارجہ عبدالقہار بلخی کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی سفیر مطلق بن ماجد القحطانی نے کابل میں قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقاتوں میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے سیاسی ہم آہنگی، تعلقات کی مضبوطی اور امداد کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ کسی بھی بیرونی ملک نے طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تاحال تسلیم نہیں کیا، تاہم چین اور پاکستان دونوں نے گزشتہ سال اپنے وزرائے خارجہ افغانستان بھیجے تھے اور اقوام متحدہ کے نائب خصوصی نمائندے نے حال ہی میں خواتین کے حقوق اور امداد کے حوالے سے بات چیت کے لیے دورہ کیا تھا۔

2021 میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے سے قبل لگ بھگ 2012 سے قطر میں طالبان کا سیاسی دفتر قائم رہا۔