کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی تنازع آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے طے ہوجائے گا، آئی ایم ایف سے معاہدہ قریب ہے بہت سارے ایشوز پر اتفاق ہوگیا
آئی ایم ایف نے ڈیفنس بجٹ میں کمی کی بات نہیں کی ہے، پی ڈی ایم قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی، صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 90دن کی آئینی مدت میں ہوں گے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے۔
پروگرام میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے۔امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شرکت کرے گی، قومی ایشوز پر بات کریں گے اور اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے
ایم کیو ایم پاکستان کراچی میں تمام 9نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90دن میں الیکشن ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی کی بھی پانچ سالہ مدت مکمل ہونی چاہئے،سینیٹ میں پرویز مشرف کیلئے دعائے مغفرت ہونی چاہئے تھی
ایم کیو ایم پاکستان کے تمام سینئر اراکین پرویز مشرف کی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئین و قانون کے مطابق وقت پر انتخابات ہوں گے، عمران خان نظام کو بہتری کی طرف آتے نہیں دیکھنا چاہتے، کراچی میں 30ہزار سے کم آبادی کی پندرہ سے زائد یو سیز نہیں ہیں۔









