اسلام آباد ( ممتاز نیوز) یوکرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) نادر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یوکرین میں پاکستان کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی پوری کوشش کریں گے تا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یوکرین کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی کاروباری برادری کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش م کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر نو کے مرحلے کے دوران یوکرین میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میجر جنرل (ر) نادر خان نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کی باہمی تجارت ایک ارب ڈالر سے بھی کم ہے اور تجارت کا توازن یوکرین کے حق میں کیونکہ پاکستان کی یوکرین سے درآمدات 70کروڑ ڈالر سے زائد ہیں لیکن برآمدات صرف 7سے8کروڑ ڈالر ہیں جو بہت کم ہیں۔ لہذا انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری یوکرین کو مزید مصنوعات برآمد کرنے کی کوشش کرے جس سے ان کے ساتھ ہماری تجارت کا توازن بھی بہتر ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ یوکرین کے ساتھ کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان یوکرین کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جن میں فارماسیوٹیکل، جراحی اور طبی آلات، ٹیکسٹائل، کٹلری، تعمیراتی مواد، آئی ٹی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین میں پاکستان کا سفارت خانہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے میں تعاون کرے تاکہ تجارت کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر تین ارب ڈالر سے نیچے آ گئے ہیں جو تشویشناک صورتحال ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے کمرشل سیکشن بیرونی ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کی نشاندہی کر کے نجی شعبے کو بتائیں تا کہ ان سے فائدہ اٹھا کر برآمدات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان براہ راست فضائی روابط دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے بہت اہم ہیں۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان کے کمرشل کونسلرز کو سالانہ برآمدی اہداف دیئے جائیں اور ان اہداف کے حصول کی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے سے بھی بعض کمرشل کونسلرز تعینات کئے جائیں، جو برآمدات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، امیر حمزہ، چوہدری جاوید اقبال، مقصود تابش، اشفاق چٹھہ، جمشید اختر شیخ، خالد چوہدری، محترمہ ناصرہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و یوکرین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز دیں۔
یوکرین میں پاکستان کیلئے کاروبار کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔میجر جنرل (ر) نادر خان








