اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح شہزادی المعروف فرح خان تین اپریل کودبئی پہنچیں، وہ لاہور سے غیر ملکی پرواز ای کے623 سےدبئی پہنچی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق فرح شہزادی نے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال کیا اور گزشتہ روز ابوظبی میں افطار ڈنر میں شرکت کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرح کو خاتون اول بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض نے افطارپر مدعو کیا تھا۔
خاتون اول کی دوست فرح خان پر علیم خان اور دیگر نے کرپشن کے الزامات عائد کیے ہیں۔
نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ فرح شہزادی کی غیر ملکی پراپرٹیز کی بھی اطلاعات ہیں نجی ٹی وی نے فرح شہزادی کا مؤقف جاننے کیلئے رابطے کی کوشش کی اور ان کے امارات میں رہائش پذیر قریبی دوستوں سے بھی رابطہ کیا گیا۔
فرح کے قریبی دوستوں نے بتایا کہ وہ ابھی کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سنگین کرپشن کے الزامات پر جواب درکار ہے تاکہ معاملہ شفاف ہوجائے۔ اس پر ان کے قریبی حلقوں کا کہنا تھاکہ پیغام فرح کوپہنچا دیا گیا ہے، جلد الزامات کا جواب دیا جائے گا۔








