کراچی(کامرس ڈیسک) تاجروں نے حکومت کی جانب سے 170؍ ارب روپے کے لگائے جانے والے نئے ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربہ کار اسحاق ڈار اور حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا، مزید مہنگائی کا ظلم برداشت نہیں کریں گے ، بل پاس کیا تو احتجاج کا اعلان ہوگا، حکومتی اداروں میں مفت بجلی ، گیس اور پٹرول بند کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تاجروں نے ٹیکس میں اضافے کے اقدام کو سختی سے مسترد کردیا اور کہا ہے کہ خدارا عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالیں۔
اس حوالے سے تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیکسوں میں کیے گئے ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں، اب ہرچیز مہنگی ہوجائے گی۔
اجمل بلوچ نے منی بجٹ عوام اورمعیشت پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمجھ دار، تجربہ کار اور اسحاق ڈار حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10ماہ میں ملک بھر کے دکاندار، صنعت کاراور زمینداروں کو تباہ کردیا گیا، تاجر اب مزید مہنگائی کے ظلم کو برداشت نہیں کرینگے۔









