اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے کی ترقی سماجی و اقتصادی ترقی کی کلید ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کی صنعتکاروں کے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں ملک کے اندر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے ملک میں تیزی سے صنعت کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو ترغیب دلانے کے لیے ملک میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے ایس ای سی پی،ایف بی آر،اسٹیٹ بینک ،بورڈ آف انویسٹمنٹ اور وزارت خزانہ جیسے تمام متعلقہ اداروں کو صنعتوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ملاقات میں معروف صنعتکار میاں انجم نثار اور محمد عرفان نے بھی شرکت کی ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لئے این او سی نظام کی بجائے Compliance Regime متعارف کروائی ہے۔