بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ٹی شرٹ کی ایجاد کن افراد کیلئے ہوئی تھی؟

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ٹی شرٹ اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول شرٹ ہے۔
ہر فرد کے لیے متعدد رنگوں، حجم اور انداز کی ٹی شرٹس دستیاب ہوتی ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کی ایجاد کیسے ہوئی اور اس کو اتنی مقبولیت کیسے حاصل ہوئی؟
یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ ٹی شرٹس کے استعمال کو بہت زیادہ عرصہ نہیں ہوا اور موجودہ شکل میں اس کی مقبولیت کو 5 دہائیاں ہی گزرے ہیں۔
ویسے یہ شرٹ مختلف شکلوں میں 20 ویں صدی کے آغاز سے موجود ہے مگر اس زمانے میں اسے زیرجامہ (بنیان) تصور کیا جاتا تھا اور عوامی سطح پر اسے پہننا پسند نہیں کیا جاتا تھا۔
تو پھر ٹی شرٹس کیسے دنیا کے سامنے آئیں؟
1904 میں ایک کمپنی کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں ٹی شرٹ پہنے مردوں کی تصاویر دکھائی گئی تھیں۔
ایک تصویر میں ایک مرد بٹنوں سے محروم بنیان پہنے شرمندگی سے کیمرے کی جانب سے دیکھ رہا تھا کیونکہ اسے سیفٹی پن سے جوڑا گیا تھا۔
دوسری تصویر میں ایک مرد مسکراتا ہوا نظر آیا اور جس بنیان کو اس نے پہن رکھا تھا اسے بیچلر انڈر شرٹ کا نام دیا گیا۔
اشتہار میں کہا گیا تھا کہ ایسی شرٹ جس کے لیے سیفٹی پن، بٹن، سوئی اور دھاگے کی کوئی ضرورت نہیں۔
درحقیقت اس کمپنی نے اشتہار میں ایسے مردوں کو ہدف بنایا تھا جو کنوارے تھے یا انہیں سلائی کرنا نہیں آتی تھی۔
آسان الفاظ میں ٹی شرٹ کا وجود کنوارے اور سلائی کڑھائی سے ناواقف مردوں کے لیے عمل میں آیا تھا۔
اس خیال نے امریکی بحریہ کے کسی عہدیدار کو متاثر کیا کیونکہ 1905 میں امریکی بحریہ کے ملاح ایسے بنیان پہنے نظر آئے جس میں کوئی بٹن نہیں تھا۔
بتدریج یہ قمیض بحریہ کے اہلکاروں میں مقبول ہوگئی اور عام قمیضوں کی جگہ ان کا استعمال ہونے لگا۔
آکسفورڈ ڈکشنری کے مطابق ایک مصنف F. Scott Fitzgerald نے ایک ناول میں سب سے پہلے ٹی شرٹ لفظ کا استعمال کیا تھا۔
انہوں نے ٹی شرٹ اس لیے لکھا کیونکہ یہ شرٹ انہیں انگلش حرف T کی شکل کی لگتی تھی۔
1940 کی دہائی میں ٹی شرٹ کو مقبولیت ملنے لگی کیونکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نوجوان اس کا استعمال کرنے لگے تھے۔
مگر صحیح معنوں میں یہ ہر فرد کی ضرورت دوسری جنگ عظیم کے بعد بنی جب فوجی محاذ جنگ سے واپس لوٹنا شروع ہوئے جو جنگ کے دوران اس کا استعمال کررہے تھے۔
اس کے بعد ایک ہالی وڈ فلم A Street Car Named Desire میں مارلن برانڈو نے اسے پہنا تو ٹی شرٹس کا فیشن شروع ہوگیا۔
اس کے بعد کمپنیوں کو ٹی شرٹس کے کاروبار کے منافع کا احساس ہوا اور اب اس کا اثر آپ خود اپنی الماری میں دیکھ سکتے ہیں۔