کلاسیکل سنگر نعیم عباس روفی نے پاکستانی گلوکاروں کے نشہ آور ادویات لینے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں نعیم عباس روفی نجی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جس دوران میزبان نے گلوکار سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ گلوکاری کیلئے چرس بہت ضروری ہے، اگر چرس نہیں لگاؤگے تو پرفارم نہیں کرپاؤگے آپ کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟
میزبان کے سوال پر نعیم عباس نے انکشاف کیا کہ ’گلوکاری کیلئے چرس ضروری نہیں ہے، انڈسٹری میں چرس صرف2 لوگوں نے پی ہے، ان دو شخصیات کی وجہ سے ہی شاید لوگوں نے یہ سوچ لیا کہ چرس پینے سے گلا ٹھیک ہوتا ہے لیکن وہ شخصیات اتنی بڑی تھیں کہ آج گلوکار چرس ان کی وجہ سے پیتے ہیں لیکن میں ان شخصیات کا نام نہیں لوں گا، لوگ سوچتے ہیں اُن کا گلا چرس سے ٹھیک ہوتا تھا تو ہمارا بھی ٹھیک ہوجائے گا، ہم بھی ان کی طرح پرفارم کریں گے‘۔
آج کے گلوکار گلا بنانے کے چکر میں چرس کی 10 سگریٹ پیتے ہیں: نعیم عباس
انہوں نے کہا کہ ’آج کے چرس پینے والے لوگ یہ نہیں جانتے کہ وی بڑی شخصیات چرس پینے کے بعد دیسی گھی کے بڑے بڑے پیالے اور دنبے کھاجاتے تھے کیوں کہ اس کیلئے کھلائی پلائی ضروری ہے‘۔
نعیم عباس روفی نے بتایا کہ’ آج کے گلوکار گلا بنانے کے چکر میں چرس کی 10 سگریٹ پیتے ہیں اور اس کے بعد چائے پی کر سوجاتے ہیں، گلے کیلئے جو سنگر’ پانی‘ استعمال کرتے ہیں وہ درست ہے، اداکار بھی’ پانی ‘ کا استعمال کرتے ہیں لیکن وہ چرس کے مقابلے پھر بھی بہتر ہے‘۔
’پانی ‘ کا لفظ استعمال کرنے کے بعد نعیم عباس نے میزبان کی جانب دیکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سمجھ تو گئے ہوں گے آپ، جس پر دونوں شخصیات ہنس پڑے۔









