بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی اجلاس، مریم اورنگزیب نے اسمبلی رولز کی دھجیاں اڑا دیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن ترجمان مریم اورنگزیب نے اسمبلی رولز کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مریم اورنگزیب نے اسمبلی رولز کی دھجیاں اڑا دیں، مریم اورنگزیب پرائیویٹ میڈیا کے لوگوں کو ایوان کے اندر لے آئیں۔

مسلم لیگ ن میڈیا سیل کے فوٹوگرافر ایوان میں ارکان کی مریم نواز کے ساتھ تصاویر لینے میں مصروف دکھائی دیے۔

قومی اسمبلی سیکیورٹی نے جب پرائیویٹ فوٹوگرافوں کو ہال میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی تو مریم اورنگزیب نے  قومی اسمبلی سیکیورٹی اہلکاروں کو جھڑک دیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی ہال میں ارکان قومی اسمبلی اور سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

قومی اسمبلی آج پاکستان کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی اور اس کےلیے متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف مضبوط امیدوار ہیں ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی سے ہوگا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئر کے رکن ایاز صادق کی صدارت میں دو بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کا 2 نکاتی ایجنڈا ہوگا۔ قوائد32 اور33کے تحت اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں ڈویژن یعنی تقسیم کی بنیاد پر ووٹنگ کا عمل ہوگا۔اس طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں دو لابیز کو ووٹنگ کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔

اراکین اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹنگ کی غرض سے ان دونوں مختلف لابیوں میں جائیں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کا نام اور حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کا اعلان کیا جائے گا۔

342رکنی ایوان میں قائد ایوان منتخب ہونے کےلیے172ووٹوں کا حصول لازمی ہے۔