بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شرح سودمیں ایک فیصدمزید اضافہ تباہ کن ثابت ہوگا،پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن

ملتان(مقبول حسین )پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن(پی سی جی اے) نے شرح میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود(مارک اپ ریٹ) میں ایک فیصدمزید اضافہ تباہ کن ثابت ہوگا۔زرعی صارفین اور صنعتوں کیلئے بجلی کی سبسڈی سمیت سہولیات واپس لینا کاروباری اور تجارتی بندش کے مترادف ہے۔حکومت کی نئی پالیسیوں نے زراعت، صنعت، تجارت کے شعبہ جات کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن(پی سی جی اے) کے چیئرمین چوہدری وحید ارشد،سینئروائس چیئرمین عبدالمہمین خان،وائس چیئرمین رانا وسیم حنیف، سابق چیئرمین حاجی محمد اکرم اور سہیل محمود ہرل نے شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ مارک اپ ریٹ (شرح سود) 20 فیصد سے بڑھا کر 21 فیصد کرنے،سیلز ٹیکس کی شرح 17فیصد سے بڑھا کر 18فیصد کرنے، ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی شرح میں غیر معمولی اضافے، تجارت و صنعت کے تمام شعبوں کے لیے سبسڈیز کا خاتمہ کرنے،ڈالر کی اونچی اڑان نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں اب تک تقریبا ایک کروڑ صنعتی ملازمین بے روزگار ہو چکے ہیں۔ بے روز گاری کا طوفان آ گیا ہے۔مہنگائی کی شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافے سے کاشت کار،کسان اور انڈ سٹری مالکان شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ فیکٹریاں، ملیں اور کارخانے تیزی سے بند ہو رہے ہیں۔ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرتے کرتے ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر آ کھڑا ہوا ہے۔ملک کی رینکنگ اور ریٹنگ تیزی سے نیچے آ رہی ہے۔عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے خطرے کی گھنٹیاں بجا رہے ہیں جبکہ حکومت سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں تجارتی و صنعتی تنظیموں ایسوسی ایشنزاور آرگنائزیشنز سیبجٹ تجاویز مانگ رہی ہیں دوسری جانب کابینہ سے سرکولیشن سمریز کے ذریعے منی بجٹ اور ٹیکسوں کابوجھ لادا جا رہا ہے۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ ملنے کے باوجود خدانخواست ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی ذمہ داری ہر محب وطن پاکستانی پر عائد ہوتی ہے۔ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ایک پیج پر آنا ہوگا۔ملک کی معاشی تباہ حالی میں سیاسی عدم استحکام کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔