بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دبئی، ساڑھے 5 کروڑ درھم میں کار نمبر پلیٹ کی فروخت

دبئی(ممتازنیوز) دبئی میں گاڑیوں کی خاص نمبر پلیٹ کی نیلامی میں گزشتہ رات ہفتے کو ایک رجسٹریشن پلیٹ جس پر نمبر 7 درج تھا نیلامی میں ساڑھے پانچ کروڑ درھم (ڈیڑھ کروڑ ڈالر) میں فروخت ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نایاب گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور فون نمبر دبئی میں ایک چیریٹی نیلامی میں فروخت کیے گئے ہیں جس کا مقصد رمضان میں ضرورت مندوں کے لیے ایک ارب فوڈ پیکٹ کی تقسیم ہے۔
متحدہ عرب امارات کے ایک تاجر سعید خوری کے قائم کردہ سابقہ ​​ریکارڈ کو توڑتے ہوئے رجسٹریشن پلیٹ 7 متحدہ عرب امارات میں سب سے مہنگی بن گئی ہے۔
قبل ازیں 2008 میں ابوظہبی میں ہونے والی ایک چیریٹی نیلامی میں گاڑی کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ جس پر نمبر 1 درج تھا ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
امارات کی نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز رپورٹ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایک وقف فنڈ میں چیریٹی کے طور پر ضروت مندوں کے لیے ایک ارب درھم (تقریباً 27 کروڑ ڈالر) اکٹھے کرنے کا ہدف ہے۔
رمضان مہم کے طور پر عطیہ جمع کرنے کی مہم میں87 ہزار سے زیادہ حصہ داروں نے نصف رمضان تک تقریبا 14 کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز فاؤنڈیسن نے رمضان المبارک میں مساکین کے لیے ایک مستحکم عطیہ مہم کے طور پر وقف فنڈ قائم کیا تھا۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز فاؤنڈیسن کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبداللہ القرقاوی نے بتایا ہے کہ عطیہ دہندگان کی جانب سے 51 کروڑ 40 لاکھ درھم کی بڑی امداد متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی میں یکجہتی کی اقدار کے عزم کا ثبوت ہے جو ہماری ثقافت کا لازم جزو ہے۔
محمد القرقاوی نے مزید بتایا ہے کہ یہ کثیر رقم کاروباری اداروں، سرکاری و نجی شعبوں کے علاوہ انفرادی طور پر کمیونٹی کے مختلف طبقات کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے جو متحدہ عرب امارات میں فراخدلی کے کلچر کی گواہی دیتی ہے۔