اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ن لیگ اور ترین گروپ میں معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ عبدالعلیم خان بھی وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں اور صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ، اس دوران گزشتہ روز ایک صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حمزہ شہباز اور علیم خان کے درمیان ایک نجی ہوٹل میں لڑائی اور تلخ کلامی ہوئی ہے جس پر پی ٹی آئی کے منحرف رہنما علیم خان خود میدان میں آ گئے ہیں اور ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو چھوٹا بھائی قرار دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”پرویز الہیٰ صاحب کو اپنی ہار نظر آر ہی ہے۔ان کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر آگئے ہیں۔ حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کارشتہ ہے۔ وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔ “
پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں۔ انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ 2/2
— Abdul Aleem Khan (@abdul_aleemkhan) April 13, 2022
علیم خان کا مزید کہناتھا کہ ”پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں۔ انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔“
یاد رہے کہ گزشتہ روز صحافی عمران خان نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”لاہور کے ایک ہوٹل میں لڑائی کی خبر۔ پنجاب میں بہت کچھ بدل سکتا ہے۔“
لاہور کے ایک ہوٹل میں لڑائی کی خبر۔ پنجاب میں بہت کچھ بدل سکتا ہے۔
— Imran Khan (@ImranRiazKhan) April 12, 2022
اسی منظر نامے کی مزید تشریح کرتے ہوئے صحافی اسد کھرل نے ٹویٹ کیا کہ ”لاہور کے ایک ہوٹل میں علیم خان اور حمزہ شہباز کے درمیان مبینہ طور پرلڑائی اورتلخ کلامی کی خبریں ہیں، اور علیم خان نے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی بھی دی ہے ۔“









