لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپوٹرز بھی پیچھے نہیں رہے، ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ رات ہی کرایوں میں اضافہ کر دیا۔
لاہور سے کراچی کا کرایہ پہلے 7300 روپے تھا جو اب 8300 روپے کر دیا گیا، لاہور سے ڈی جی خان کا کرایہ 1840 سے بڑھا کر 2100 روپے کردیا گیا، لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 700 روپے سے بڑھا کراب 1000 روپے کردیا گیا ۔
لاہور سے سیالکوٹ کا کرایہ 850 سے بڑھا کر 950 روپے ہوگیا جبکہ لاہورسے دنیا پور کا کرایہ 1300 سے بڑھا کر اب 1800 روپے کردیا گیا جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ عید پر اپنے گھر جانے کیلئے کرایہ بہت زیادہ ہے، پہلے بہت مہنگائی ہو گئی ہے اب عید کے موقع پر حکومت نے پٹرول بم بھی گرا دیا ہے، مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے فوری کرائے کم کیے جائیں ۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی سے ستائے عوام پر عیدالفطر سے قبل ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ روز 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 272 روپے سے بڑھ کر282 ہو گئی ہے۔









