بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف پہلے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

کراچی (نیوز ڈیسک )وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر صوبائی دارالحکومت کراچی پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی خصوصی پرواز نے شارع فیصل پر پاکستان ایئرفورس کے فیصل ایئر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور احسن اقبال کراچی پہنچے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر وزیراعلیٰ ہاؤس کے لئے روانہ ہوئے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ہیلی پیڈ پر چیف سیکریٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی قومی موومنٹ سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری ان کے شیڈول میں ترجیحی بنیادوں پر ہے جہاں ان کے استقبال کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن موجود ہیں۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میاں محمد شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ جائیں گے جہاں وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، سیکریٹریز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اس کے علاوہ سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا۔

اپنے دورہ کراچی کے تیسرے مرحلہ میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف حکومتی اتحاد میں اپنی اہم پارٹنر ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے پارٹی کے مرکزی دفتر بہادرآباد کا دورہ بھی کریں گے۔

میاں محمد شہباز شریف آج شام ہی دارالحکومت اسلام آباد واپس چلے جائیں گے۔