بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں رواں سال 35 فیصد اضافے کا امکان

دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کی رپورٹ کے مطابق 2023 میں ایک کروڑ 40 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں فروخت ہونے کا امکان ہے، جبکہ یہ تعداد گزشتہ سال ایک کروڑ تھی۔

یعنی اس سال الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 35 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

مجموعی طور پر الیکٹرک گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 18 فیصد ہو جائے گا جو 2022 میں 14 فیصد تھا۔

آئی ای اے نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیاں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں گاڑیاں تیار کرنے والی صنعت میں تاریخی تبدیلی آ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس رجحان کے نتیجے میں عالمی سطح پر خام تیل کی طلب پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے اور 2030 تک روزانہ خام تیل کی طلب میں کم از کم 50 لاکھ بیرل کمی آنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گاڑیاں تو پہلی لہر ہیں، الیکٹرک بسیں اور ٹرک بھی بہت جلد سڑکوں پر نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 60 فیصد الیکٹرک گاڑیاں چین میں فروخت ہوئیں، جبکہ گزشتہ سال یورپ اور امریکا میں ان گاڑیوں کی فروخت میں بالترتیب 15 اور 55 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اسی طرح بھارت اور انڈونیشیا میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ سال 3 گنا اضافہ ہوا اور مجموعی مارکیٹ شیئر 1.5 فیصد تک پہنچ گیا۔