اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ آج کل امپورٹڈ کا بیانیہ چلایا جا رہا ہے، شوکت عزیز ایک امپورٹڈ وزیراعظم تھے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ ان کی کابینہ کے کتنے افراد ان کے ساتھ ہیں؟ پی ٹی آئی اپنی مرضی کا بیانیہ چاہتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں محب وطن ہیں جبکہ پی ٹی آئی کا بیانیہ نوجوان کو گمراہ کرنے کی کو شش ہے، نوجوان نسل کو اس پر غور کرنا چاہیے۔
دوسری جانب شیری رحمان نے کہا تھا کہ پاکستان کے حالات استحکام کی طرف جا رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ صرف اپنی گری ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے ایسی زبان استعمال کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے، پی ٹی آئی نے تقسیم کی سیاست شروع کی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ہمارے خلاف عالمی سازش کی گئی ، سازش بے نقاب ہو گئی، کچھ بھی نہیں ہے قوم کے سامنے سب کچھ آ چکا ہے۔









