بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈپریشن سے جسم پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات کا انکشاف

ڈپریشن کو بیشتر افراد ذہنی مرض سمجھتے ہیں اور اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی علامات بھی دماغی مسائل پر مبنی ہوتی ہیں جس سے جسم متاثر نہیں ہوتا مگر یہ بات درست نہیں بلکہ ڈپریشن کے شکار افراد میں متعدد جسمانی امراض بشمول ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل JAMA Psychiatry میں شائع تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرکے ڈپریشن اور جسمانی امراض کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ڈپریشن کے مریضوں میں 29ایسے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ ڈیڑھ گنا زیادہ ہوتا ہے جن کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں ذیابیطس، کمر درد اور پھیپھڑوں کے امراض کی شکایت کافی زیادہ ہوتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ اگر ڈپریشن کی روک تھام کی جائے تو متعدد ایسے جسمانی امراض سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے جو آپ کو اسپتال پہنچا سکتے ہیں۔
امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ڈپریشن متعدد جسمانی امراض کا خطرہ بڑھانے والا عام عنصر ہے، تاہم اس کی وجہ مکمل طور پر سامنے نہیں آسکی۔
مگر محققین نے بتایا کہ جینز، جسمانی ورم اور دماغی افعال میں کمی جسمانی امراض کا خطرہ بڑھانے والی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے واضح ہوتا ہے کہ ڈپریشن سے پورے جسم پر ڈرامائی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور متعدد سنگین طبی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محققین کے مطابق ڈپریشن سے ان امراض کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے جن کا سامنا جسم پہلے سے کر رہا ہوتا ہے، مثال کے طور پر امراض قلب اور ذیابیطس کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کے شکار افراد کے لیے صحت کے لیے مفید عادات کو اپنانا مشکل ہوتا ہے اور ان کے سماجی تعلقات بھی متاثر ہوتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ڈپریشن سے زیادہ سنگین امراض کا سامنا ہو سکتا ہے مگر کئی کیسز میں یہ امراض ڈپریشن کا شکار بنا سکتے ہیں، جیسے کینسر یا ہارٹ اٹیک کے باعث ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ڈپریشن کی جلد تشخیص اور مناسب علاج سے دیگر جسمانی امراض سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔