بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو دیکھنے کے لیے بنگلہ دیش میں ہزاروں لوگ سینما گھروں میں جمع ہوئے جوکہ 50 سال سے زائد عرصے کے بعد ملک میں ریلیز ہونے والی پہلی بھارتی فلم ہے۔
1971ء میں سقوطِ ڈھاکا کے بعد سے مقامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے غیر ملکی فلموں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اب حال ہی میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے ملک میں 10 بین الاقوامی فلموں کی کمرشل نمائش کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔
جس کے بعد ایکشن سے بھرپور اسٹار کاسٹ اسپائی تھرلر فلم ’پٹھان‘ کو بنگلہ دیش کے 48 تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا جہاں روزانہ تقریباً 200 شوز چلیں گے۔
اس فلم کے مقامی ڈسٹریبیوٹر ایکشن کٹ انٹرٹینمنٹ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہونے کے باوجود بھی فلم کے پہلے دو دنوں کے شوز کے تمام ٹکٹس ریلیز سے پہلے ہی فروخت ہو گئے۔
بنگلہ دیش میں موجود شاہ رخ خان کے مداح اپنے پسندیدہ اداکار کی بلاک بسٹرفلم کی اپنے مقامی سینما گھروں میں ریلیز پر بے حد خوش ہیں۔
واضح رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پٹھان‘ نے باکس آفس پر 1000 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان، دیپیکا پڈکون اور جان ابراہم مرکزی کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔









