اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت کی حکومتوں نے پانی کے مسئلے پر بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔
آبی تنازع پر بات چیت کے لیے 10 رکنی بھارتی آبی ماہرین کا وفد کل واہگہ کے راستے لاہور پہنچے گا اور پھر اسلام آباد روانہ ہوگا۔
مذاکرات میں بھارتی وفد کی قیادت انڈین واٹر کمشنر پی کے سکسینا اور پاکستان کی نمائندگی انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کریں گے جب کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی آبی منصوبوں پر اعتراضات کے بعد یہ پہلا اجلاس ہو گا جس دوران پاکستان کئی بھارتی آبی منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے گا۔
انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کا کہناتھاکہ پاکستان بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وفد اجلاس کے بعد 4 مارچ کو بھارت واپس روانہ ہو گا، امید ہے کہ دونوں ممالک بات چیت سے ہی مسائل حل کریں گے۔