ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار وجے ورما نے اپنی ویب سیریز’دھاڑ‘ کی تشہیر کے لیے ایک ایسا کام کر ڈالا کہ اپنی ماں کے ارمانوں پر اوس ڈال دی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق سیریز کی تشہیر کے لیے وجے ورما اور ان کی ٹیم نے وجے کی شادی کا اشتہار ایک معروف اخبار میں دے دیا۔
اس اشتہار میں وجے ورما کی تصویرکے ساتھ ان کی وہی شناخت بیان کی گئی تھی جو اس ویب سیریز میں ان کے کردار ’آنندسوارنیکر‘ کی ہے۔ یہ کردارہندی لٹریچر پروفیسر ہوتا ہے، جو سیریل کلر بھی ہوتا ہے۔ وجے ورما نے ’ماؤں کے عالمی دن‘ پر اپنی شادی کے اشتہار والا اخبار لیجا کر اپنی والدہ کو دیا، جسے دیکھ کر ان کی والدہ سخت افسردہ ہو گئیں۔
وجے ورما کی والدہ اپنے بیٹے کی شادی کا اشتہار دیکھ کر اس قدر دل گرفتہ ہوئیں کہ ہاتھ ماتھے پر رکھ لیا اور افسردگی ان کے چہرے سے ٹپکنے لگی۔ اسی دوران وجے ورما نے ان کی تصویر بنا لی اور اپنے سوشل میڈیا پرپوسٹ کر دی، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ تصویر پر کمنٹس میں ایک شخص نے وجے ورما کی مبینہ گرل فرینڈ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”ماں کی ’تمنا‘ پوری کرو، اس طرح انہیں پریشان نہ کرو۔“









