بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

منیب بٹ کے بعد علی رحمٰن خان خواجہ سرا کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ کے بعد اب اداکار علی رحمٰن خان ٹی وی اسکرین پر خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ہدایتکار صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ اور منیب بٹ کی سیریز ’سر راہ‘سے ٹرینڈ سیٹ ہونے کے بعد اب ہدایتکار بلاول حسین عباسی کے ڈرامہ سیریل’گرو‘میں علی رحمٰن خان ایک خواجہ سرا کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ڈرامہ سیریل’گرو‘ کے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے نشر کیے گئے ٹیزر میں علی رحمٰن خان کے چیلنجنگ کردار کو متعارف کروایا گیا ہے جوکہ پیسے کمانے اور اپنا گزر بسر کرنے کے لیے مختلف قسم کی تقاریب میں ڈانس کرتا ہے۔

ٹیزر میں شادی کی تقریب میں ہنسی اور خوشی ڈانس کرتے اس کردار کی دکھی زندگی کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔

اداکار کو اس ٹیزر میں مارکیٹ میں ٹھیلے پر بچوں کے کھلونے دیکھ کر پُر جوش ہوتے اور آخر میں ایک شخص کو نوزائیدہ بچے کیساتھ گھر میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔

ڈرامہ سیریل ’گرو‘ کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے ایک مشکل کردار ادا کرنے پر علی رحمٰن خان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

اُنہوں نے اداکار کے بارے میں انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ’مجھے اپنے دوست علی رحمان خان پر بہت فخر ہے کہ اُنہوں نے اپنے کمفرٹ زون سے نکل کر اس چیلنجنگ کردار کو نبھایا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Shazia Wajahat (@shaziawajahat)


اُنہوں نے مزید لکھا کہ بہت سے لوگ یہ مشکل کام کرنے کے بارے میں دو بار سوچیں گےلیکن آپ کا شکریہ کہ آپ ایک بالکل نئے انداز کے ساتھ تمام روکاوٹوں کو توڑ کر سامنے آئے۔

شازیہ وجاہت کو بہت بے صبری سے’خواجہ سراؤں کے بارے میں دلچسپ کہانی‘ کے ٹی وی اسکرین پر نشر ہونے کا انتظار ہے۔

اس ڈرامے کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات بھی اداکار کی تعریفیں کرتی نظر آرہی ہیں۔