بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کی قانونی پوزیشن پر اسپیکر کو خط لکھ دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کی قانونی پوزیشن پر اسپیکر کو خط لکھ دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر پنجاب نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کی بجائے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو خط لکھ دیا ، جس میں اسپیکر کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کی قانونی پوزیشن سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 16 اپریل کو غیر معمولی حالات میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا ، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت یہ انتخاب کا عمل ہوا۔
گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا عمل غیرآئینی طریقے سے ہوا ، انتخاب کے عمل میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ، انتخاب کے دوران پولیس نے مداخلت کی اور پولیس نے اجلاس کی کارروائی کو ہائی جیک کیا ، پولیس نے اسمبلی کے ممبران کو زد و کوب کیا اور وزیراعلیٰ کے امیدوارکے ساتھ ناروا سلوک کیا ، بتایا جائے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ہاؤس کے وقار کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات کیے اور ممبران کے استحقاق کی خلاف ورزی پر کیا کارروائی کی؟۔

ادھر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری نے سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے گورنر پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکریٹری اسمبلی سمیت 4 افسران کو گزشتہ روز معطل کیا جاچکا ہے ، معطل شدہ آفیسر کیسے گورنر کو رپورٹ پیش کرسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامے اور غفلت پر سیکریٹری اسمبلی کو معطل کیا گیا اور معطل آفیسرز کو اسمبلی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
خیال رہے کہ سیکریٹری اسمبلی کی رپورٹ کی روشنی میں گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب موخر کردی تھی اور کہا کہ سازش کے تحت اقتدار پر قبضہ کرایا گیا ، گزشتہ 4 سال انہوں نے عمران خان سے این آر او لینے کی کوشش کی ، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق جو کچھ ہوا وہ قوم نے دیکھا ، کل جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے ، گزشتہ روز ارکان پنجاب اسمبلی پر تشدد کیا گیا ، پنجاب اسمبلی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ، دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن لوگوں کو اقتدار دیا جارہا ہے۔