بہاولپور(وحیداحمد) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے کہا ہے ریجنل آفس بہاول پور خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ اوران کی جائے روزگار کو محفوظ بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ خواتین اپنے وراثتی حقوق کے استحصال اور انسدادہراسانی کے حوالہ سے اپنی درخواستیں ڈویژنل دفاتر میں قائم خاتون محتسب کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ انہیں ہر قسم کا معاشی و معاشرتی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل آفس بہاول پور میں خواتین کو وراثتی حقوق کی فراہمی اور ملازمت کی جگہ پر انسداد ہراسانی سے تحفظ کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے خواتین کے وراثتی حقوق کے حصول کے حوالہ سے 15درخواستوں کی سماعت کی اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔اس موقع پر کنسلٹنٹ خاتون محتسب پنجاب ریجنل آفس بہاول پور محمد اکرم بھٹی نے خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خاں کو خواتین کے وراثتی حقوق تحفظ اور جائے ملازمت پر انسداد ہراسانی کے حوالہ سے ادارہ کی کارکردگی اوربروئے کار لائے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا !
خواتین اپنے وراثتی حقوق کے استحصال اور انسدادہراسانی کے حوالہ سے اپنی درخواستیں ڈویژنل دفاتر میں قائم خاتون محتسب کے دفتر میں جمع کرائیں، نبیلہ حاکم علی خان








