کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی گیارہویں بین الاقوامی دفاعی نمائش و کانفرنس 15 سے 18نومبر تک کراچی میں منعقد ہوگی۔ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت دفاعی نمائش و کانفرنس کے انعقاد کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ 20 اپریل کو کراچی میں منعقد ہوا۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید ہلال امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزارتوں، سندھ حکومت کے سرکاری محکموں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران اور ایونٹ منیجر بدر ایکسپو سولوشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پاکستان کے میگا ایونٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز میں ہم آہنگی قائم کرنا ہے۔انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز: آئی ڈی ای اے ایس) جنوبی ایشیا کا ایک اہم ایونٹ ہے جو ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت منعقد کیا جاتا ہے، کرونا کی عالمی وباء کی وجہ سے 2020ء میں نمائش کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا اور اب یہ نمائش 4 سال کے تعطل کے بعد منعقد کی جارہی ہے۔ دفاعی نمائش، آئیڈیاز سال 2000ء میں آغاز کے بعد سے دفاعی مصنوعات بنانے والے اداروں، انٹرپرنیورز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ماہرین، مالیاتی ماہرین اور سرفہریست پالیسی میکرز کیلئے تعاون کے فروغ، معلومات کے تبادلہ اور دفاعی شعبہ میں اشتراک عمل کو فروغ دینے کا اہم ایونٹ بن کر ابھرا ہے۔دفاعی نمائش و کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل محمد سعید (ہلال امتیاز ۔ ملٹری) نے کہا کہ آئیڈیاز کے 11ویں ایڈیشن کا انعقاد ٹیکنالوجی کے تبادلہ اور فروغ کیلئے ہمارے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ عالمی امن، استحکام اور توازن کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ہونے کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔دفاعی نمائش و کانفرنس، آئیڈیاز کے اب تک ہونیوالے تمام ایڈیشنز حکومتی محکموں، مسلح افواج، سرکاری اور نجی دفاعی صنعت، تجارتی انجمنوں بالخصوص کراچی کے شہریوں کی بھرپور سپورٹ کی وجہ سے بھرپور کامیابی سے منعقد ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش 15سے 18نومبر تک کراچی میں ہوگی








