اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگا ہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ملاقات وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین بھی شریک تھے ،آصف زرداری نے موجودہ سیاسی صورت حال میں ساتھ دینے پر چودھری شجاعت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں سیاسی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے چودھری شجاعت سے چودھری سالک حسین کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر بھی بات کی جس پر چودھری شجاعت مسکرادیے۔آصف زرداری نے کہا کہ چودھری سالک نوجوان ہیں انہیں ملک وقوم کی خدمت کےلئے آگے آنا چاہیے ۔ادھر سیاسی حلقوں کے مطابق آصف علی زرداری کی چودھر ی شجاعت سے ملاقات کا مقصد مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور وزیر اعظم شہبازشریف پر دباؤ بڑھانا ہے،سیاسی حلقوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایک طرف ق لیگ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سےگتھم گتھا ہے اور دوسری طرف رابطے بھی جاری ہیں ۔








