یونان میں ڈوبنے والی کشتی میں سوار کوٹلی آزاد کشمیر کے تقریباً 50 افراد کا اب تک کچھ پتا نہیں چل سکا، کشتی میں سیالکوٹ کے 4 اور شیخوپورہ کے بھی 4 نوجوان شامل ہیں۔
کشتی میں سوار ایک ہی خاندان کے 12 افراد سمیت 28 افراد کا تعلق کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں بنڈلی سے ہے، واقعے کے بعد بنڈلی گاؤں میں کہرام مچ گیا۔
لواحقین اپنے پیاروں کیلئے پریشان ہیں، لاپتا ہونے والوں میں سیالکوٹ کے 27 سالہ کاشف بٹ کے والد کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کو ہوائی جہاز کے ذریعے اٹلی جانے کیلئے 23 لاکھ روپے ادا کیے تھے، ایجنٹ کا تعلق نوشہرہ ورکاں سے ہے جبکہ اس کا پارٹنر ایف آئی اے کا اہلکار ہے۔
واضح رہے کہ 14 جون کو یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 79 مسافر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 104 کو زندہ نکالا گیا تھا۔
مرنے والوں میں 35 کا تعلق شام، 30 کا تعلق مصر، 10 کا تعلق پاکستان اور 2 کا فلسطین سے ہے، کشتی میں سوار 500 سے زائد مسافروں میں 300 سے زائد لاپتا ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یونان کشتی واقعے میں زندہ بچ جانے والوں میں 12پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ فی الحال حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں کر سکتے۔
یونان میں پاکستانی سفیر اور عملہ ورثاء اور 78 لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
لاشوں کی شناخت ڈی این اے سے ہوگی، اہل خانہ کو یونان میں سفارت خانے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ 12 پاکستانیوں کو یونان کے کوسٹ گارڈز نے بچایا۔
یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم ساجد محمود کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کراچی ایئرپورٹ سے آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا۔
ساجد یونان میں بیٹھ کر نوجوانوں کو یورپ بھجوانے کا نیٹ ورک چلاتا ہے، مارچ میں ہوئے کشتی حادثے میں بھی ساجد کا نام سامنے آیا تھا، ملزم کے خلاف ایف آئی اے گجرات میں مقدمہ درج ہے۔
کمشنر میرپور آزاد کشمیر چوہدری شوکت علی کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے نوجوان تین، چار ماہ پہلے بیرون ملک گئے تھے۔
نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے باہر بھیجنے والے ایجنٹس کا تعلق گجرات، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ سے ہے، تمام نوجوان روزگار کے سلسلے میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر اٹلی، یونان اور برطانیہ جا رہے تھے۔
واقعے پر ڈسٹرکٹ بار کوٹلی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا، جبکہ تین روزہ رسٹ فیسٹیول بھی منسوخ کردیا گیا۔
دفترخارجہ نے یونان کے ساحل پر کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کی فہرست جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق محمد عدنان بشیر، حسیب ، محمد حمزہ، عظمت خان، محمد سنی، زاہداکبر، مہتاب علی، راناحسنین، عثمان صدیق اور ذیشان بچ جانے والوں میں شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں زخمی عرفان اور عمران اسپتال میں زیرعلاج ہیں پاکستان کےسفارتخانے کے وفد نےاسپتال کا دورہ کیا ہے اور سفارت خانہ یونانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہراہ بلوچ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانےوالوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی تاہم جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق سے قاصر ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ شہریوں کی شناخت،لواحقین کی معاونت کیلئےمقامی حکام سےرابطےمیں ہے، پاکستانی سفارتخانہ 78 برآمد میتوں کی شناخت کیلئے یونانی حکام سےرابطے میں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شناخت کا عمل والدین اور بچوں کے ساتھ ڈی این میچنگ کے ذریعے ہوگا، لواحقین تصدیق کیلئے یونان میں ہمارےمشن سےہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔









