بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلاول کی “دھمکی “کا نتیجہ ، وزیر اعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب روپےکی منظوری دیدی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سوات کے جلسے سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنےکا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسہ نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دےگی۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق  اس شکوے کو دور کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپےکی منظوری  دیدی ہے۔:جیو نیوز ”  کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ  یہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد  پر خرچ ہوگی، وزیراعظم نے جمعےکو پیپلزپارٹی کے وفد  سے ملاقات میں  فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خٰال رہے کہ  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب کے دوران  وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام بھی لگایا تھا  اور کہا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، اس وقت ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے ضرور حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

گزشتہ روز نارووال  میں تقریب سے خطاب کے دوران  مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا گیا تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزراء اور ماہرین اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں بجٹ سے متعلق امور  زیر غور  آئیں گے