لند ن(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ ‘بحفاظت اپنے خاندان کے پاس برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا کا کہنا تھا کہ ‘ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وقت آنے پر سب کچھ کہا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس کے بعد اگر میری ماں اور عزیز و اقارب کو ذرا بھی تکلیف پہنچی تو میں کسی کا لحاظ نہیں کروں گا۔انہوں نے ٹوئٹر پر پنجاب پولیس کے پاس درج کرائی گئی اپنی شکایت کی کاپی بھی شیئر کی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں ‘جان سے مارنے کی دھمکیاںدی گئی ہیں، شیئر کی گئی شکایت کی نقل کے مطابق شکایت 19 اپریل کو درج کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پی ای ایس ایس) کے سابق ترجمان عادل راجا کی مبینہ گمشدگی کی خبر گزشتہ روز پہلی بار ٹوئٹر پر سامنے آئی تھی جب سبین کیانی نامی ایک خاتون نے ان کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ان کا عادل راجا سے کوئی رابطہ نہیں ہو پارہا اور خاتون نے عادل راجا کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے لوگوں سے مدد طلب کی تھی۔اس کے بعد سے سابق فوجی افسر کی ‘گمشدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر شور رہا۔گزشتہ روز اپنی ایک ٹوئٹ میں سبین کیانی نے کہا تھا کہ ایف آئی اے سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے چند افراد نے ان کی ساس کے گھر پر چھاپہ مارا تھا جبکہ عادل راجا وہاں موجود نہیں تھے۔خاتون نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا تھا کہ ان کا گھر آرمی ہاؤس سے بمشکل 100 میٹر کے فاصلے پر ہے۔سبین کیانی نے مزید کہا تھا کہ ‘اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد میرا اپنے شوہر سے رابطہ ٹوٹ گیا۔اس کے ساتھ ٹوئٹر پر انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں مسلح افراد کو مبینہ طور پر ایک اپارٹمنٹ کے باہر سیڑھیوں پر کھڑے دکھا جاسکتا ہے۔ اب سبین کیانی نے تصدیق کی کہ ان کا اپنے شوہر سے رابطہ ہوگیا ہے جبکہ ان کے شوہر ٹھیک اور آزاد ہیں ۔ادھر میجر (ر) عادل راجا کے بحفاظت لند ن پہنچنے پر سوشل میڈیا پر سبین کیانی کو بلاوجہ اپنے شوہر کی گمشدگی کو شور مچانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔
‘لاپتہ سابق فوجی افسر ‘بحفاظت لندن پہنچ گئے، ‘وقت آنے پر خاموشی توڑوں گا،عادل راجا








