اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے برطانوی سفیر سے مدد مانگ لی، برطانوی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے وزیر خزانہ اسحاق ڈار متحرک ہوگئے ،
وزیرخزانہ کی برطانوی سفیر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، جس میں اسحاق ڈار نے برطانوی سفیر کو موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے برطانوی سفیر کو آئی ایم ایف سے تعطل کا شکار معاہدے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے برطانوی سفیر کو آئی ایم ایف سے معاہدے کرنے میں مدد کی درخواست کی۔
برطانوی سفیر نے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے، برطانوی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔
خیال رہے پاکستان کے اسٹاف لیول معاہدے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے، معاہدہ ختم ہونے میں صرف 10 روز باقی ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف کو ایکسٹرنل فنانسنگ اور بجٹ پر تحفظات دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیرخزانہ نے مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کی۔
وزیر خزانہ نے مختلف ممالک کے سفیروں کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا ، وزیرخزانہ کی سفارش پر مختلف ممالک کے سفیر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت کریں گے۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی سفیر سے مدد مانگ لی








