بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’کبیر سنگھ‘ کی طرح کے تمام ڈرامے فوری بند ہوجانے چاہئیں، نادیہ افگن

پاکستان کی سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے ٹی وی پر نشر ہونے والے حالیہ ڈراموں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے جن میں گھریلو تشدد، ہراساں کرنے اور محبت کے نام پر محبوب کے پیچھے دیوانا ہونے اور اسے گلیمرائز کیا جاتا انہیں فوری بند ہوجانا چاہیے۔

اداکارہ نے حال ہی میں اے پلس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام چاکلیٹ ٹائمز میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی ڈراموں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

قبل ازیں میزبان نے سوال کیاکہ اگر آپ کو فیروز خان، منیب بٹ اور محسن عباس حیدر میں سے کسی ایک ساتھ سیلفی لینے کا کہا جائے تو کس کے ساتھ سیلفی لیں گی جس پر نادیہ افگن نے کہ وہ کسی کا انتخاب نہیں کریں گی۔

انہوں نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ منیب بٹ کو وہ نہیں جانتی، جبکہ فیروز خان اور محسن عباس حیدر کے ساتھ پولیوٹیکل وجوہات کی بنا پر سیلفی نہیں لیں گی۔

میزبان کے ایک اور سوال پر نادیہ افگن نے کہا کہ یمنیٰ زیدی اوو ریٹڈ (اصلیت سے زیادہ شہرت رکھنے والی) اداکارہ ہیں۔

 

نادیہ افگن ڈراموں میں والدہ کا کردار بھی ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ سینئر اداکارہ فرح شاہ کا رویہ سیٹ پر ناگزیر ہوتا ہے جس کی وجہ سے وہ سیٹ پر بہت مسائل پیدا کرتی ہیں۔

بعدازاں میزبان نے سوال کیا کہ ایسا کونسا ڈراما ہے جسے بند ہوجانا چاہیے، جس پر اداکارہ نے کہا کہ ان تمام ڈراموں کو فوری طور پر بند ہوجانا چاہیے جو فلم’کبیر سنگھ’ طرح کے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عورت سے نفرت کرنے والے تمام ڈراموں سے مجھے نفرت ہے، حال ہی میں ٹی وی پر کبیر سنگھ کی طرح کا اداکار دانش تیمور کا ڈراما نشر ہورہا تھا اسے بھی بند ہوجانا چاہیے، ان ڈراموں میں مردوں کی عورت پر حکمرانی کو دکھایا جاتا ہے، محبت کے نام پر تشدد دکھایا جاتا ہے، ایسی محبت بکواس ہوتی ہے’۔

نادیہ افگن بظاہر دانش تیمور کا ڈراما ’کیسی تیری خود غرضی‘ کی طرف اشارہ کررہی تھیں جس میں اداکارہ درِفشاں اور نعمان اعجاز بھی اداکاری کررہے ہیں، یہ ڈراما گزشتہ سال سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں شمار تھا۔

نادیہ افگن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے نوجوانوں بالخصوص بچوں کے ذہنوں پر بُرا اثر کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ان تمام ڈراموں پر فوری پابندی عائدہونے چاہیے جو بدسلوکی اور نفسیاتی رویے کو رومانوی یا گلیمرائز کرتے ہیں۔

 

اداکارہ نے ساس بہو کے جگھڑوں پر بنے ڈراموں کو دقیانوسی بھی قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

نادیہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ڈرامے بچوں کو یہ تربیت دے رہے ہیں کہ اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں تو اس کے پیچھے دیوانے ہوجائیں، اور بندوقوں کا استعمال کریں، یہ غلط ہے، ایسے ڈرامے فوری طور پر بند ہونے چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’نوجوانوں کو (consent) رضامندی کی اہمیت سکھانا بہت ضروری ہے، چاہے کوئی لڑکی یا کوئی لڑکا (کیونکہ لڑکیاں بھی مردوں کا پیچھا کرتی ہیں ) کہے کہ اسے ساتھ نہیں نبھانا تو ان کی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، جنونی ہونے کی کیا ضرورت ہے؟

خیال رہے کہ نادیہ نے فلم کبیر سنگھ کا بھی ذکر کیا ہے، فلم کبیر سنگھ بھارتی فلم ہے جو سنہ 2019 میں ریلیز کی گئی تھی، شاہد کپور نے ایک میڈیکل کالج میں پڑھنے والے طلبہ کا کردار نبھایا جو آگے جاکر ایک کامیاب سرجن بنتے ہے۔

اس دوران انہیں اپنے کالج کی ایک لڑکی سے محبت ہوجاتی ہے، جبکہ اس کا غصہ اسے کئی بار مشکلات کا شکار بھی بناتا ہے۔

فلم میں شاہد کپور کو شدید نشے کا عادی بھی دکھایا، جو اپنے پیار کی جدائی کے بعد خود کو تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے، اس وقت متعدد تجزیہ کاروں نے بھی فلم پر تنقید کرتےہوئے کہا تھا کہ فلم میں خواتین پر ظلم کرنے والے کردار کو ہیرو کے طور پر پیش کیا۔

اس سے قبل بھی نادیہ افگن نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل ننانوے فیصد اسکرپٹ ’ردی‘ لکھے جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اب ان کے پاس زیادہ تر دقیانوسی قسم کے اسکرپٹ آتے ہیں، جن میں ساس اور بہو کے جھگڑے، بری نند اور خواتین کی تکرار کو پیش کیا جا رہا ہوتا ہے اور انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیوں ہے؟

 

فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے حالیہ دور کے اسکرپٹس کو 99.9 فیصد ردی اور بوگس قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو تھوڑے بہت اچھے ڈرامے بن رہے ہیں، ان کی یا تو کوئی ریٹنگ ہی نہیں آتی یا پھر انہیں شائقین دیکھنا نہیں چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈراما انڈسٹری کو اس وقت اچھی اور مثبت سوچ کی ضرورت ہے اور خصوصی طور پر عورتوں کے مضبوط کردار تخلیق کرکے معاشرے کو اچھا پیغام دیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ نادیہ افگن نے 1995 کے بعد پی ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے ابتدائی طور پر سٹ کام کامیڈی سیریلز میں کردار ادا کیے۔

نادیہ افگن اب تک 4 درجن کے قریب ڈراموں اور فلموں میں کام کر چکی ہیں اور حالیہ دور میں ’سنو چندا، سمی اور پری زاد سمیت دل ناداں‘ جیسے ڈراموں میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔