بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی بے بنیاد بیانیے کی حوصلہ افزائی سے گریز کیا جائے، پاکستان کا امریکا سے احتجاج

اسلام آباد: امریکا اور بھارت کے مشترکہ اعلامیہ کے بعد پاکستان نے امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں 22 جون 2023ء کو جاری ہونے والے امریکا بھارت مشترکہ بیان کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مشترکہ بیان میں پاکستان کے غیرضروری، یک طرفہ اور گمراہ کن حوالوں پر پاکستان کے تحفظات اور مایوسی سے امریکا کو آگاہ کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکا ایسے بیانات جاری کرنے سے گریز کرے جو پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی طور پر محرک بیانیے کی حوصلہ افزائی کے طور پر سمجھے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون بہتر طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور یہ کہ اعتماد اور افہام و تفہیم پر مرکوز ماحول پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔