اسلام آباد(ممتاز نیوز)قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دْنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔ اپنے پیغام میں قائمقام صدرنے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یک جان ہونا چاہیے۔ قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔ میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
حکومت کا سمندر میں تیل کے ذخائر کی تلاش شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرمملکت ڈاکٹرمصدق ملک کا کہنا ہے کہ سمندرمیں تیل کے ذخائرکی تلاش شروع کریں گے، جس کے لئے غیر ملکی کمپنیز سے رابطہ کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے سمندر میں تیل کی تلاش کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے غیرملکی کمپنیز سے رابطہ کرلیا ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ توانائی کی ضروریاں پوری کرنے اور گردشی قرضے کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، گیس سیکٹر میں گردشی قرضے ختم کر رہے ہیں۔
وزیرمملکت نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کی اطلاع پر ذخیرہ اندوزی ہوتی ہے، اس لئے پیٹرولیم سیکٹر میں کچھ لوگوں کی اجارہ داری ختم کریں گے، تیل کے بانڈڈ اسٹوریج کی پالیسی لارہے ہیں۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ نجی سطح پر تیل کے ذخائربنانے کی اجازت دی جائےگی، جب کہ ڈالرکےعلاوہ دیگر کرنسی میں بھی تیل خریدا جا سکے گا۔
گزشتہ حکومت کی نااہلی سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا: وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کی بہتری کیلئے مجوزہ روڈ میپ اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ہوا بازی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں پی آئی اے کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، خصوصی کمیٹی عید کے بعد پی آئی اے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن خسارے سے نکلنے کی استعداد رکھتی ہے، موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 49 کرنی ہو گی، گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ائیرلائن نے یورپ اور امریکہ کے فضائی راستے گنوا دیئے ہیں اس نااہلی کی وجہ سے ادارے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے نا اہل وزراء نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کارو باری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا، پی آئی اے اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے کہ اس کو خالصتاً نفع اور نقصان کی بنیاد پر پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ،گورنر پنجاب
ملتان ( مقبول حسین) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ غریب شہری پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ پڑے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ن لیگ کو مزید منظم کیا جائے تاکہ آ نے والے انتخابات میں ن لیگ بڑی کامیابی حاصل کرے ۔پارٹی کے عہدیداران و سابق وموجودہ اراکین اسمبلی گھر گھر پارٹی پیغام کو پہنچائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی شاہد محمود خان سے گورنر ہاؤس میں کی گئی ملاقات میں کیا اور اس موقع پر شاہد محمود خان کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ عام انتخابات میں پارٹی کی خاطر قربانیاں دینے والے کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں جن پر پارٹی قیادت کو فخر ہے جبکہ اس موقع پر ملتان کے مسائل اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔
لوگ مان رہے ہیں نواز شریف کے بغیر پاکستان چلنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔جاوید لطیف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ لوگ مان رہے ہیں نوازشریف کےبغیرپاکستان چلنا مشکل ترہوتا جارہا ہے، نوازشریف ووٹ کو عزت دوکےنعرے پرواپس آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خود احتسابی اور سزا ملنے سے ہماری بات سچ ثابت ہوئی کہ سہولت کاری تھی مگر اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے والوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دینی چاہیے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ طاقتور ادارے کے خود احتسابی کے عمل سے عوام میں نوید آئی ہے، نو مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کا چوراہوں پر احتساب ہونا چاہیے۔
جاوید لطیف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق ہونے پر بھی کیا وہ طاقت وار ہے تو پھر سانحہ نو مئی ہو سکتا ہے، 9مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو سزا دینا بہت ضروری ہے ، 9مئی کے واقعات 23کروڑ عوام ،ملک کی سلامتی پر حملہ ہے۔
لطیف کھوسہ اور اعتزار احسن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج وہ لوگوں پٹیشن دائر کر رہے جن کو گرین کارڈ حاصل کرنے کی خواہش ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ وقت کے غازیوں نے ایک شخص کو نیچا دکھانے کیلئے غلط فیصلے کئے، جب ایک ادارہ خود احتسابی کررہاہے تو باقیوں کو بھی گزرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنےتجربے اور عالمی سطح پر اعتماد سے پاکستان کو مشکل سے نکال سکتے ہیں ، گزشتہ حکومت کے ایک فیصلےسے پی آئی اے کو اربوں کا نقصان ہوا، معیشت اور ملک کی تباہی کے فیصلوں پر تنقید لازمی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف پاکستان سےآٹھ گھنٹےدورتھا، اب ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر ہے، اب لوگ مان رہے ہیں نوازشریف کےبغیرپاکستان چلنا مشکل ترہوتا جارہاہے،، نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پرواپس آرہے ہیں، نواز شریف جب بھی ملک میں آیا خوشحالی آئی۔
جاوید لطیف نے بتایا کہ آئندہ ن لیگ نے کس کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنا اس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے ، ہماری جماعت ملک میں وقت پر آزادانہ انتخابات چاہتی ہے۔









